بھٹکل 22 / اپریل (ایس او نیوز) نامدھاری طبقہ کے گرو برہمانند سرسوتی سوامی کے خلاف فیس بک پر توہین آمیز میسیج پوسٹ کیے جانے کے خلاف نامدھاری لیڈروں کے ایک وفد نے ٹاون پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروتے ہوئے اور قصور واروں کا پتہ لگانے اور اُنہیں گرفتار کرنے کے ساتھ اُن کے خلا ف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
درج کی گئی شکایت کے مطابق پچھلے دنوں ساردا ہولے مندر کی تجدید کے بعد دوبارہ افتتاح کے موقع پر تشریف لائے ہوئے مہمان برہمانند سرسوتی سوامی نے جو سیاسی طرز کی تقریر کی تھی اس پس منظر میں پریتی جین نامی ایک جعلی آئی ڈی کے ساتھ ہتک آمیز میسیج اور تبصرہ پوسٹ کیا گیا ہے ۔ شکایت کے ساتھ اس میسیج اور کمنٹس کے اسکرین شاٹس منسلک کیے گئے ہیں ۔
بھٹکل ڈی وائی ایس پی بیلی ایپّا کو شکایت سونپتے ہوئے واقعے کی سخت مذمت کرنے ساتھ ساتھ پولس سے شکایت میں کہا گیا ہے کہ نہ صرف مسیج پوسٹ کرنے بلکہ مسیج پر تبصرہ کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔ اس موقع پر نامدھاری سماج کے صدر کرشنا نائک ، نائب صدر بھوانی شنکر نائک ، جنرل سیکریٹری ماستی نائک ، سری رام سیوا سمیتی کے صدر شریدھر نائک ، کے آر نائک ، گووند نائک ، گریش نائک ، تمپّا نائک ، سریش نائک وغیرہ موجود تھے ۔